اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین خوش دل خان نے 8 فروری کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں وکلا کا رویہ غیر مہذب تھا۔
وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل خوش دل خان نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ کو خط لکھ دیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ 8 فروری کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں وکلا کا رویہ غیر مہذب تھا، پاکستان بار کونسل 8 فروری کے واقعے کی مذمت کرتی ہے۔
وائس چیئرمین نے کہا کہ پاکستان بار کونسل عدلیہ کی آزادی اور انصاف کی فراہمی کے لیے عدلیہ کے ساتھ ہے، چیف جسٹس اوراسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے ساتھ بار کونسل کی فوری میٹنگ کی ضرورت ہے، معاملے کے حل، بینچ اور بار کے مفاد میں جلد ملاقات وقت کی ضرورت ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ 8 فروری کا واقعہ وکلا کے 100سے زائد چیمبر ز گرانے کے ردعمل میں ہوا جب کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کا حکم صرف دو چیمبر ز ہٹانے کا تھا، اس تمام صورتحال میں وکلا کے روپ میں خفیہ ہاتھ نے صورتحال کو خراب کیا۔