شمالی کوریا (اصل میڈیا ڈیسک) ری سول جو گزشتہ کچھ عرصے سے شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ دکھائی نہیں دے رہی تھیں۔ ان کی غیر موجودگی کے سبب کم خاندان میں ان کی پوزیشن کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔
شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن کی اہلیہ ری سول جو ایک برس سے زیادہ عرصے کے بعد بدھ کے روز پہلی مرتبہ ایک عوامی تقریب میں نظر آئیں۔ سرکاری میڈیا کی طرف سے جاری کردہ تصویروں میں وہ دیکھی جا سکتی ہیں۔
ری سول جو، کم کے آنجہانی والد اور شمالی کوریا کے سابق سربراہ کم جونگ اِل کی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں اپنے شوہر کے ساتھ نظر آئیں۔
سرکاری اخبار روڈونگ سن من نے مسکراتے ہوئے جوڑے کی تصویریں شائع کی ہیں۔ ان کے اطراف میں حکمراں ورکرز پارٹی کے وفادار اراکین کو دیکھا جا سکتا ہے۔ کم جونگ اِل کی سالگرہ شمالی کوریا میں سب سے اہم تقریبات میں سے ایک کے طور پر منائی جاتی ہے۔
ری سول جو کو آخری مرتبہ جنوری 2020 میں پیونگ یانگ میں قمری سال نو کی چھٹی کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران دیکھا گیا تھا۔ ایک برس تک منظر عام سے غائب رہنے کی وجہ سے ان کی صحت اور ممکنہ حمل کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں۔
بالکل بچوں کی طرح لڑتے ہوئے شمالی کوریا کے رہنما نے کہا کہ ایٹمی ہتھیار چلانے والا بٹن ان کی میز پر لگا ہوا ہے۔ جواب میں ٹرمپ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے پاس بھی ایک ایٹمی بٹن ہے اور وہ تمہارے بٹن سے بڑا ہے‘۔
ٹوکیو کے وسیڈا یونیورسٹی میں پروفیسر توشی متشو شیگے مورا کا کہنا ہے کہ ”ایک قیاس یہ بھی لگا یا جا رہا تھا کہ ری اور کم کے درمیان تعلقات اچھے نہیں ہیں اور وہ اب ایک دوسرے کے ساتھ وقت نہیں گزار رہے ہیں۔ یا غالباً کم یہ خیال کرتے ہیں کہ اپنے کپڑوں اور ہیر اسٹائل کی وجہ سے ان کی بیوی اپنی طرف لوگوں کی توجہ زیادہ مبذول کر رہی ہیں۔”
پروفیسر مورا نے بات چیت کرتے ہوئے کہا”یہ وہ چیزیں ہیں جو شمالی کوریا جیسے پدر سری والے ملک میں ایک ڈکٹیٹرکے لیے اچھی نہیں سمجھی جاتی ہیں۔”
جنوبی کوریا کی سرکاری انٹلیجنس ایجنسی، نیشنل انٹلیجنس سروس (این آئی ایس) نے منگل کے روز اراکین پارلیمان کو بتایا کہ ری سول جو غالباً کورونا وائرس کے انفیکشن سے بچنے کے لیے احتیاط کے طورپر عوامی سرگرمیوں سے پرہیز کر رہی ہیں۔
این آئی ایس نے مزید کہا کہ وہ اپنے بچوں کو زیادہ وقت دے رہی ہیں اور”ان کی صحت کے حوالے سے کسی غیر معمولی علامت کا پتہ نہیں چلا ہے۔”
این آئی ایس کا خیال ہے کہ کم اور ری کے تین بچے ہیں تاہم عوامی طور پر اس حوالے سے بہت زیادہ معلومات دستیاب نہیں ہے۔
سابقہ تقریبات کی طرح ہی بدھ کے روز منعقد تقریب میں بھی نہ تو ملک کے اولین جوڑے نے اور نہ ہی پارٹی کے عہدیداروں نے ماسک پہنے۔ روڈونگ سن من اخبار میں شائع تصویروں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس میں سوشل ڈسٹینسنگ کا کوئی خیال نہیں رکھا گیا تھا۔
شمالی کوریا کا دعوی ہے کہ اس کے یہاں کورونا وائرس کا کوئی کیس نہیں ہوا لیکن ماہرین اس دعوے پر یقین نہیں کرتے ہیں۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اس ملک کی سرحدیں چین سے ملتی ہیں، جہاں گزشہ برس سب سے پہلے کورونا وائرس پھیلا تھا اور دونوں ملکوں کی سرحدیں جنوری کے اواخر تک کھلی ہوئی تھیں۔