اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان یہ بیان دینا چھوڑ دیں کہ میں لاشوں سے بلیک نہیں ہو سکتا، اگرآپ سلیکٹڈ بھی ہیں پھر بھی آپ کا اتنا فرض تو بنتا ہے کہ عوام کا خیال رکھیں۔
اسلام آباد میں لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ اقتدار سے پہلے بڑے بڑے بیانات دیئےجاتے ہیں، لیکن اقتدار ملتے ہی انسان کی ترجیحات بدل جاتی ہیں، اور مجبوریاں بھی سامنے آجاتی ہیں، لیکن میرا اتنا سا سوال ہے کہ کیا حکمرانوں کی مجبوریاں فرض سے بڑی ہوتی ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے اور شہریوں کو تحفظ دینا ریاست کا فرض ہے، اگر آپ سلیکٹڈ بھی ہیں پھر بھی آپ کا اتنا فرض تو بنتا ہے کہ یہ لاپتہ افراد کے لواحقین کو بتا دیں کہ ان کے پیارے کہاں ہیں، لاپتہ افراد کے بچوں کو پتہ نہیں وہ یتیم ہیں یا ان کے والد حیات ہیں، وزیراعظم آفس اس جگہ سے صرف 5 منٹ کی مسافت پر ہے، اور یہ لوگ ایک ہفتے سے سردی میں بے سرو سامان کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں، حکمران روز محشر کو یاد رکھیں، آپ نے اداروں کو جواب نہیں دینا بلکہ اللہ کو جواب دینا ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان آئیں ان کی فریاد سنیں، ان کے لوگوں کےمقدمےعدالتوں میں لے جائیں، اپنے لوگوں کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کیا جا سکتا، مظلوم کاکوئی صوبہ نہیں، وزیراعظم اپنے وزراکو ان کے زخموں پرنمک چھڑکنے سے روکیں، اگر یہ بھی نہیں کر سکتے تو یہ بیان دینا چھوڑ دیں کہ میں لاشوں سے بلیک نہیں ہوسکتا، یہ لوگ زندہ لاشیں ضرور ہیں لیکن ان میں جان باقی ہے۔