کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران کے صوبے سے تبادلوں پر صوبائی حکومت کا ردِ عمل سامنے آگیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات ناصر شاہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ وفاقی حکومت سیاسی ناکامیوں کے بعد اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے اور سندھ پولیس سے قابل پولیس افسران کے تبادلے ان کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔
ناصر شاہ نے کہا کہ سندھ میں امن وامان کی صورتحال خراب ہوئی تو ذمہ داروفاقی حکومت ہوگی، یہ چاہتے ہیں پنجاب اور کے پی کی طرح سندھ پولیس بھی ان کی غلامی کرے، آئی جی سندھ سمیت اہم افسران کوبلاوجہ ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آئی جی کا تبادلہ نہ ہوسکا تو اب کئی اہم افسران کا بلاوجہ تبادلہ کیا گیا ہے کیونکہ پولیس کے بہتر افسران ان سے برداشت نہیں ہوتے، صوبائی حکومت ان تمام پولیس افسران کے ساتھ کھڑی ہے۔