جرمن ریڈیو اسٹیشن کو ’نسلی امتیاز ‘ کے الزام کا سامنا

Boyband BTS

Boyband BTS

جرمنی (اصل میڈیا ڈیسک) باویریا کا ایک ریڈیو اسٹیشن دنیا بھر میں ایک دم مشہور ہو گیا۔ اس کی وجہ ریڈیو پروگرام کے دوران میزبان کا ’بی ٹی ایس بینڈ‘ کے نئے گیت اور البم پر کڑی تنقید تھی۔ کمپیئر نے اب شائقین سے اپنے الفاظ ہر معذرت پیش کر دی ہے۔

جرمنی کی جنوبی ریاست باویریا کے مشہور ریڈیو اسٹیشن بائرن تھری کو ‘کے پوپ بینڈ‘ کے لاکھوں شائقین کے غم و غصے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہ شائقین اس ریڈیو اسٹیشن کے ایک کمپیئر ماتھیاس ماٹوشِک پر نسلی تعصب کا الزام بھی عائد کر رہے ہیں۔ اس کمپیئر کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے ‘کے پوپ بینڈ‘ بی ٹی ایس کی ریلیز ‘کولڈ پلے‘ سیریز کے ‘فِکس یُو‘ البم کے باہری کوَر کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ماتھیاس ماٹوشِک نے ‘کے پوپ بینڈ‘ بی ٹی ایس کو کورونا وائرس کی کوئی قسم قرار دیا تھا۔ کمپیئر کا یہ بھی کہنا تھا کہ مستقبل قریب میں اس انہونے وائرس کی ویکسین بھی جلد دریافت کر لی جائے گی۔ ماتھیاس شِک نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے تجویز کیا کہ انہیں اگلے بیس برسوں کے لیے شمالی کوریا چھٹیاں گزارنے کے لیے بھیج دیا جائے تو مناسب ہو گا۔

جنوبی کوریائی شائقین نے ریڈیو پریزینٹر کے خلاف تنقید کا زیادہ شور مچایا تو ماتھیاس شِک کا کہنا تھا کہ ان کا ہدف جنوبی کوریا نہیں تھا اور نا ہی وہ اجانب دشمنی کا شکار ہیں۔ اپنے ناقدین کو انہوں نے بتایا کہ وہ جنوبی کوریا میں تیار کی جانے والی موٹر کار استعمال کرتے ہیں۔

بائرن تھری ریڈیو کے کمپیئر ماتھیاس ماٹوشِک نے بی ٹی ایس نامی جنوبی کوریائی میوزیکل بینڈ پر تنقید اور شائقین کے جوابی ردِعمل پر معذرت پیش کر دی ہے۔ ماٹوشِک نے معذرت پیش کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ان کا مقصد کسی کا دل آزاری یا میوزیکل بینڈ کے فنکاروں کی توہین مقصود نہیں تھی۔

ماتھیاس شِک کی تنقید کے جواب میں جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے ‘کے پوپ بوائے بینڈ‘ بی ٹی ایس کے شائقین نے سوشل میڈیا پر تنقید کا طوفان مچا دیا۔ یہ شائقین خود کو بی ٹی ایس آرمی قرار دیتے ہیں۔ شائقین کی اس فوج کے اراکین نے بائرن تھری ریڈیو اسٹیشن کے کمپیئر کو نسلی تعصب زدہ قرار دے دیا۔

یہ امر اہم ہے کہ سن 2019 میں جب چین اور پھر جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کی افزائش عام ہوئی تھی تب سے ڈھکے چھپے انداز میں کئی ملکوں کے لوگوں میں تعصب کا رویہ دیکھا گیا۔

بی ٹی ایس آرمی کے نوجوان شائقین نے سوشل میڈیا پر واضح کیا کہ ایسے کلمات کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ شائقین نے کمپیئر کے محض تبصرے پر ان کا احتساب کرنے کی خواہش بھی بیان کی ہے۔

بائرن تھری ریڈیو اسٹیشن نے اس صورت حال میں اپنے کمپیئر کے تبصرے کو درست اور اس کا دفاع بھی کیا ہے۔ ریڈیو کی انتظامیہ نے کمپیئر کا مکمل ساتھ دینے کا بھی کہا ہے۔ اس بیان میں انتظامیہ نے یہ ضرور اعتراف کیا کہ کمپیئر تبصرے میں کچھ غیر ضروری الفاظ کا استعمال کر گیا تھا اور انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔

انتظامیہ کے مطابق ‘کے پوپ بوائے بینڈ‘ بی ٹی ایس کے البم یا گیتوں کے بارے میں کمپیئر نے کُھلی گفتگو کی اور اس میں دانستہ کچھ بھی نسلی تعصب کے تناظر میں نہیں تھا۔ ریڈیو کے مطابق ایسے کسی پروگرام میں الفاظ کا چناؤ بھی کمپیئر ہی کرتا ہے اور ان کی صاف رائے بدنیتی پر مبنی نہیں تھی لیکن بی ٹی ایس کے شائقین نے کمپیئر کی رائے کو منفی انداز میں غیر معمولی طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا ہے۔