ایف بی آر نے ہدف سے زائد ریونیو حاصل کر لیا

 FBR

FBR

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے دوران ہدف سے زائد ریونیو حاصل کر لیا ہے۔

اس حوالے سے فیڈرل بور ڈ آف ریونیو نے رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں حاصل کردہ محصولات کی ابتدائی تفصیلات جاری کر دی ہیں جس کے مطابق ایف بی آر نے جولائی تا فروری 2916 ارب روپے کا نیٹ ریونیو حاصل کیا ہے جو کہ اس عرصہ کے مقر ر کردہ ہدف 2898 ارب روپے سے زائد ہے۔ اس طرح پچھلے سال اس عرصہ کے حاصل کردہ نیٹ ریونیو 2570 ارب روپے کے مقابلے میں 6 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے۔

اس کے علاوہ ایف بی آر نے ماہ فروری کے اعدادو شمار بھی جاری کر دیئے ہیں ۔ ماہ فروری میں ٹیکس وصولی 343 ارب روپے رہی جبکہ مقرر کردہ ہدف 325 ارب روپے تھا اس طرح مقرر کردہ ہدف کے مقابلے میں106 فیصد اضافہ حاصل ہو اہے اور پچھلے سال فروری کے حاصل کردہ نیٹ ریونیو کے مقابلے میں 8 فیصد اضافہ حاصل ہوا۔ بک ایڈجسٹمنٹ کی مد میں حاصل ہونے والی وصولیوں کے بعد محصولات کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں گراس ریونیو پچھلے سال کے 2823 ارب روپے کے مقابلے میں 3068ارب روپے رہا اور 9 فیصد اضافہ حاصل ہوا۔

رواں مالی سال اب تک 152 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے جا چکے ہیں جو کہ پچھلے سال اس عرصہ میں79 ارب روپے تھے۔ اس سال اب تک ریفنڈز کے اجراء میں 97 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے۔ ریفنڈز کی تیز تر ادائیگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایف بی آر مختلف صنعتوں کو درپیش لیکویڈیٹی مسائل کو حل کرنے میں کوشاں ہے۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ریونیو حصول میں بہترین کارکردگی ملکی معاشی سرگرمیوں میں تیزی کی نشاندہی کر تی ہے حالانکہ کووڈ 19 کی دوسری لہر کا بھی سامنا ہے۔ توقع ہے کہ مارچ تا جون ریوینو حصول میں معاشی ترقی کے باعث مزید بہتری آئی گی جو کہ پچھلے سال اس عرصہ میں کووڈ 19 کی وجہ سے جمود کا شکار تھی۔

28فروری 2021 تک ٹیکس سال 2020 کے لئے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد 26 لاکھ 23 ہزار ہو چکی ہےاور اس تعداد میں 8 فی صد اضافہ حاصل ہوا ہے۔ ٹیکس گوشوارں کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس 49.6 ارب روپے رہا جو کہ پچھلے سال اس عرصہ میں 31 ارب روپے تھا۔ اس طرح اس سال ٹیکس ادائیگی میں 60 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے۔

ایف بی آر نے پوائینٹ آف سیل سسٹم کے ساتھ منسلک ہونے والے بڑے ریٹیلرز کی تفصیلات بھی جاری کر دی ہیں جس کے مطابق9952 سیل مشینیں پوائینٹ آف سیل سسٹم کے ساتھ منسلک کی جا چکی ہیں۔

پاکستان کسٹمز نے سمگلنگ کے خلاف بہت موثر اقدامات اٹھائیں ہیں جس کی بدولت فروری 2021 میں 4.08 ارب روپے مالیت کی سگل شدہ اشیاء ضبط کی گئی ہیں۔ رواں مالی سال کے آٹھ ماہ میں ضبط شدہ اشیاء کی مالیت 39.52 ار ب روپے پچھلے پورے سال میں ضبط شدہ اشیاء کی مالیت 36 ارب روپے سے بڑھ گئی ہے۔