لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی رہائی کے بعد مریم نواز پارٹی کی سطح پر پس پردہ چلی گئی ہیں۔
حمزہ شہباز کو پارٹی ذمے داریاں دینے کے حوالے سے کل جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے والا مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس اہمیت اختیار کر گیا۔ پارٹی نے قانونی ٹیم سے شہباز شریف کی درخواست ضمانت بارے رائے طلب کر لی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن ) نے مریم نواز کو عوامی سطح پر پارٹی کا چہرہ بنانے جبکہ حمزہ شہباز کو پارٹی امور چلانے کی الگ الگ ذمہ داریاں سونپی ہیں اور یہ فیصلے پارٹی نے باہمی اختلافات سے بچنے کے لئے کئے ہیں، انہی فیصلوں کی بنیاد پر حمزہ شہباز متحرک ہو گئے ہیں۔
نواز شریف اور شہباز شریف کی ہدایت پر حمزہ شہباز سیاسی سرگرمیاں سرانجام دیں گے۔ اسی لئے حمزہ شہباز بلاول بھٹو کی جانب سے پی ڈی ایم قیادت کو دئیے گئے عشائیے میں شرکت کے لئے اسلام آباد گئے۔
لیگی قیادت نے مریم نواز اور حمزہ شہباز کو الگ الگ ٹاسک سونپے ہیں جن کے مطابق حمزہ شہباز پنجاب کے پارٹی معاملات کو دیکھیں گے جبکہ مریم نواز عوامی سطح پر پارٹی کا چہرہ ہوں گی۔