اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر مملکت برائے سیفران شہریار آفریدی کا سینیٹ الیکشن کے لیے ڈالا گیا ووٹ ضائع ہو گیا۔
وزیر مملکت شہریار آفریدی نے اپنے بیلٹ پیپر پر دستخط کر دیے تھے جس کے باعث ووٹوں کی گنتی کے دوران ان کا ووٹ ضائع ہو جائے گا۔
بعد ازاں اس حوالے سے شہریار آفریدی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو درخواست دائر کی گئی جس میں انہوں نے مؤقف اپنایا کہ کچھ دن سے میری طبیعت ٹھیک نہیں تھی، اس لیے الیکشن کی تیاری کے حوالے سے پارٹی اجلاسوں میں شرکت نہیں کر سکا تھا۔
وزیر مملکت نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ جب ووٹ کاسٹ کرنے پہنچا تو آپ سے اور آپ کے اسٹاف سے پوچھا، آپ کا عملہ مجھے گائیڈ کرنے میں ناکام رہا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سابق صدر آصف علی زرداری کا بیلٹ پیپر ضائع ہو گیا تھا تاہم انہیں بیلٹ پیپر دوبارہ جاری کیا گیا جس کے بعد انہوں نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔