کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کے انتخاب میں فتح کا مارجن کم ہے، اسے زیادہ ہونا چاہیے تھا۔
یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ بنانے کے سوال پر سابق صدر کا کہنا تھاکہ اس حوالے سے پارٹی سوچے گی اور پی ڈی ایم اس معاملے پر فیصلہ کرے گی۔
تحریک انصاف کے اسٹنگ آپریشن کے حوالے سے سوال پر آصف زرداری نے کہا کہ ’کچھ ان کے بندے آئے تھے، غلط آدمی کے پاس آگئے تھے اور ناکامیاب ہوکر گئے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں اٹھ گیا کہ میری میٹنگ ہے کسی اور سے، بلاول کو کہا یہ فراڈ ہیں ان کو بھگاؤ، وہ ارکان اسمبلی نہیں تھے لوگ تھے‘۔
ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ ’میں اب بھی کہتا ہوں کہ 5 ووٹوں کی جیت کم ہے ہماری 20 ووٹوں کی جیت ہونا چاہیے تھی جو نہیں ہوئی ہے‘۔
اسمبلیاں توڑنے سے متعلق سوال پر جواب دیا کہ ’ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں، بسم اللہ کریں اسمبلیاں توڑ دیں‘۔
خیال رہے کہ سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر قومی اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی جس میں اپوزیشن امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کامیاب قرار پائے۔
حکومت کی جانب سے دوبارہ ووٹنگ کرائی گئی تاہم دوبارہ ووٹنگ میں بھی یوسف رضا گیلانی کامیاب قرار پائے۔
قومی اسمبلی کے ریٹرننگ افسر کے مطابق 340 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے یوسف رضا گیلانی نے 169 ووٹ حاصل کیے جبکہ حفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کیے یوں یوسف رضا گیلانی حفیظ شیخ کو پانچ ووٹوں سے شکست دے کر اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہوگئے۔