لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان ریلویز کی جانب سے روہڑی اور پنوں عاقل کے درمیان پیش آنے والے ٹرین حادثے میں جاں بحق خاتون کے اہلخانہ کے لیے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹرین حادثے میں جاں بحق خاتون عظمیٰ کراچی سے ساہیوال جا رہی تھیں، جاں بحق خاتون عظمیٰ کے اہلخانہ کو 10 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی۔
حکام کے مطابق تمام زخمیوں کو ایک سے پانچ لاکھ روپے کی مالی مدد ملے گی۔
ریلوے حکام کا بتانا ہے کہ کراچی ایکسپریس 10 بجے کے بعد حادثے کی جگہ سے مسافروں کو لے کر لاہور کے لیے روانہ ہو گی۔
خیال رہے کہ کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس رات گئے روہڑی اور پنوں عاقل کے درمیان حادثے کا شکار ہو گئی تھی، حادثے میں خاتون جاں بحق جب کہ خواتین اور بچوں سمیت 40 افراد زخمی ہو گئے تھے۔