وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ نہیں لیا بلکہ اداروں نے لے کر دیا ہے، شاہد خاقان عباسی

 Shahid Khaqan Abbasi

Shahid Khaqan Abbasi

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے جو اعتماد کا ووٹ لیا وہ انہوں نے نہیں لیا بلکہ اداروں نے لے کردیا ہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ سوچ رہا ہوں کہ ڈی جی آئی ایس پی آرکو خط لکھوں، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ سیاست میں ہماری کوئی مداخلت نہیں، ہم نے کہا تھا کہ یہ وقت بتائے گا، سینیٹ الیکشن اور اعتماد کے ووٹ میں جو ہوا وہ اسکے بالکل برخلاف تھا، آج ملک کے اندر پارلیمان کا نظام مفلوج ہو چکا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جو 6 مارچ کو پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا وہ سب نے دیکھا ، کیا اب ہم مسلح ہو کر پریس کانفرنس کرنے آیا کریں گے، کیا یہ ملک کو انہی روایات پر چلائیں گے، ہم نے جو ان سینیٹ الیکشن میں دیکھا وہ کچھ زیادہ حوصلہ افزا نہیں ہے۔

یوسف رضا گیلانی کے الیکشن میں بھی لوگوں کو توڑا گیا، جو اعتماد کا ووٹ ہوا اس میں تو تمام حدیں ہی توڑ دی گئیں، وہ لوگ اپوزیشن کے نہیں تھے بلکہ حکومتی لوگوں کے ساتھ یہ سب کیا گیا، وزیراعظم نے جو اعتماد کا ووٹ لیا وہ انہوں نے نہیں لیا بلکہ اداروں نے لے کر دیا ہے۔