کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ملک میں کورونا سے مزید 43 افراد ہلاک ہو گئے اور 1700 سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 39425 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1786 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 43 ہلاکتیں ہوئیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 13324 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 5 لاکھ 95239 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 16699 ہے۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1393 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 565216 ہوگئی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 260150 ہوگئی ہے جب کہ 4442 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 179654 ہے اور 5629 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 19141 اور ہلاکتیں 202 ہوچکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 74433 اور 2122 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 10673 افراد وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں اور 314 افراد انتقال کر گئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4959 اور 103 افراد انتقال کر چکے ہیں۔
پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 46229 ہے اور اب تک 512 مریض انتقال کر چکے ہیں۔