اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) الیکشن کمیشن کی جانب سے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن سے متعلق تیاریاں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنوں کے گرد 100 میٹر تک دفعہ 144 نافذ کر دی جس کے تحت غیر متعلقہ افراد اس حد تک کے علاقے میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن کے لیے فوج اور رینجرز طلب کرنے کی سفارشات بھی حکومت کو ارسال کر دی ہیں
ذرائع نے بتایا کہ ڈی آر او ،آر او اور 339 پولنگ اسٹیشنوں کا پرانا عملہ ہی ضمنی انتخاب کرائے گا جب کہ 21 متنازع پریزائیڈنگ آفیسر کو الیکشن ڈیوٹی نہیں ملے گی اور ان کی جگہ نیا عملہ تعینات ہوگا۔
اس کے علاوہ بیلٹ پیپرز سمیت پولنگ سامان سکیورٹی اداروں کی نگرانی میں جاری اور وصول ہوگا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں بدنظمی پر الیکشن کو کالعدم قرار دیا تھا اور حلقے میں 18 مارچ کو دوبارہ پولنگ کا اعلان کیا گیا ہے۔