اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی حکومت نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے خیبر پختونخوا سے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر مرزا آفریدی کو نامزد کر دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مرزا آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کر دیا گیا ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے مرزا آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے نامزد کیا ہے، مرزا محمد آفریدی سابق فاٹا سے تحریک انصاف کے رکن ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ مرزا آفریدی کی نامزدگی کا فیصلہ وزیراعظم کے ظہرانے میں فائنل کیا گیا، وزیراعظم نے مرزا آفریدی کے حوالے سے تمام اتحادیوں کو اعتماد میں لیا اور تمام اتحادی جماعتوں نے بھی مرزا آفریدی کے نام پر اتفاق کیا ہے۔
مرزا آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کرنے کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا میں چاہتا ہوں کہ سابقہ فاٹا کی محرومیوں کو دور کیا جائے۔
خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار صادق سنجرانی ہیں جب کہ اپوزیشن نے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ اور عبدالغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کیا ہے۔
چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے الیکشن کل بروز جمعہ 12 مارچ کو ہوں گے۔