کوئٹہ (اصل میڈیا ڈیسک) نواحی علاقے مارواڑ کی کوئلہ کان میں زہریلی گیس بھر جانے کے باعث ہونے والے دھماکے سے 6 کان کن جان بحق ہوگئے جب کہ 2 کو زندہ بچا لیا گیا۔
چیف مائنز انسپکٹر شفقت فیاض نے جیو نیوز کو بتایاکہ مارواڑ کےعلاقے میں کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے سے زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں کان میں کام کرنے والے 8 کان کن پھنس گئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر متاثرہ کوئلہ کان میں پھنسے کان کنوں کو نکا لنے کے لیے محکمہ مائنز اور پی ڈی ایم اے کی ریسکیو ٹیمیں کوئٹہ سے روانہ کی گئیں جنہوں نے مارواڑ میں 15 گھنٹے طویل ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے متاثرہ کوئلہ کان میں پھنسے دو کان کنوں کوریسکیو کرلیا جب کہ 6 کان کنوں عبدالرحمان، سردار ولی، مدد علی ،عبدالرزاق، شفیق اور محمد رحیم کی لاشیں نکال لی گئیں۔
چیف مائنز انسپکٹرنے بتایا کہ کان 7 سے 800 فٹ گہری ہونے اور کان میں بھری گیس کے اخراج میں وقت لگا جب کہ حادثے کا شکار کوئلہ کان کو سیل کردیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے حکام نے بتایا کہ دھماکے میں جاں بحق کان کنوں میں سے چار کا تعلق چمن ،ایک کا کوئٹہ اور ایک کا مسلم باغ سے ہے جن کی میتیں طبی معائنے کے لیے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردی گئی ہیں۔