دیر سے سونے کی عادت سے ماہرین نے متنبہ کر دیا، وجہ کیا ہے؟

Sleep

Sleep

جرمنی (اصل میڈیا ڈیسک) ماہرین کی طرف سے مناسب دورانیے کی نیند صحت مند رہنے کے لیے ضروری قرار دی جاتی ہے تاہم چار لاکھ لوگوں کے اعداد و شمار پر کی جانے والی ایک اسٹڈی سے جلد سونے اور طویل زندگی میں ایک ربط سامنے آیا ہے۔

اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ مناسب دورانیے کی نیند ہم میں سے ہر ایک کے لیے اہم ہے کیونکہ انسانی جسم پورے دن کی مصروفیت اور دباؤ کے سبب جس تھکن کا شکار ہوتا ہے نیند نا صرف اس تھکن کو دور کر دیتی ہے بلکہ اس دوران ہمارا جسم نئے دن کے چیلنجز کے لیے خود کو تیار کرتا ہے۔

مناسب حد تک نیند اور پھر صبح جلد بیدار ہونے سے نا صرف ہمارے جسم کی توانائی بحال ہو جاتی ہے بلکہ اب ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ بات یہاں تک محدود نہیں ہے۔ اس تحقیق سے جلد جاگنے اور طویل العمری میں ایک ربط سامنے آیا ہے۔ اس تحقیق کے مطابق ایسے لوگ جو صبح جلد بیدار ہوتے ہیں اور مناسب دورانیے کی نیند لیتے ہیں ان کی زندگی طویل ہوتی ہے۔ جرمن میگزین ‘فروئنڈینن‘ کے مطابق اس تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ رات کو دیر سے سونے والے موت کے زیادہ خطرے کا شکار ہوتے ہیں۔

سرے یونیورسٹی اور نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے ماہرین کی یہ تحقین چار لاکھ مرد اور خواتین کی صحت سے متعلق معلومات پر مشتمل ہے جن کی عمریں 38 برس سے 73 برس کے درمیان تھیں۔ اس تحقیق میں شامل کیے جانے والے اعداد وشمار ساڑھے چھ سال تک کے عرصے پر مشتمل تھے۔

اس اسٹڈی سے معلوم ہوا ہے کہ ایسے لوگ جو رات کو دیر تک جاگتے رہتے ہیں اور پھر دن کو دیر تک سوئے رہتے ہیں وہ دیگر افراد کی نسبت موت کے 10 فیصد زائد خطرے کا شکار ہوتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق رات کو دیر تک بیدار رہنے والے مختلف قسم کے نفسیاتی اور جسمانی مسائل کا شکار ہوتے ہیں۔

اس تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے ایسے لوگ جنہیں صبح جلد بیدار ہونا ہوتا ہے مثال کے طور پر ملازمت یا دیگر مصروفیات کے سلسلے میں، تو انہیں چاہیے کہ وہ لازمی طور پر رات کو جلد سو جائیں تاکہ ان کے جسم کو جتنی نیند کی ضرورت ہوتی ہے وہ پوری کر سکیں۔ کیونکہ نیند کے حوالے سے غلط پیٹرن یا روٹین صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔ماہرین کے مطابق صحت مند رہنے کے لیے ضروری ہے کہ انسان روزانہ سات سے آٹھ گھنٹے کی نیند لازمی طور پر لے۔

رات کی اچھی اور پرسکون نیند کے لیے بعض سادہ مگر مؤثر طریقے مدد کر سکتے ہیں۔ صحت سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ ‘فِٹ بک‘ کے مطابق روزانہ رات کو ایک ہی وقت پر بیڈ پر چلے جانا، مناسب روشنی اور کمرے کا درجہ حرارت مناسب رکھنا جلد اور اچھی نیند میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ سونے سے قبل چائے، کافی اور گرین ٹی جیسے مشروبات وغیرہ سے بھی اجتناب کرنا چاہیے۔