کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ہائی کورٹ نے کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے سے ہلاکتوں سے متعلق درخواست پر پولیس حکام کو مقتولین کے ورثا کے بیانات قلم بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔
جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس امجد علی سہتو پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے سے ہلاکتوں سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی،ایس پی انویسٹی گیشن کیماڑی و دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ بتائیں پولیس نے اب تک کیا تحقیقات کی ہے ،پولیس حکام نے پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی، ایس ایس پی کیماڑی نے کہا کہ 3 ہفتوں کی مہلت دے دی جائے تو چالان جمع کرا دیں گے، عدالت نے مقتولین کے ورثا کے بیانات قلم بند کرنے کا حکم دیدیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ پولیس ورثا سے بیانات لے اور حقائق جاننے کی کوشش کرے، جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ اب تک پولیس نے کسی پر ذمے داری عائد نہیں کی،عدالت نے پولیس حکام سے پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔