ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے سوشل میڈیا کو اچانک خیرباد کہنے کی وجہ بتادی۔
چند روز قبل عامر خان نے اپنی 56 ویں سالگرہ کے موقع پر اچانک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز(فیس بک، انسٹاگرام اور ٹوئٹر) کو خیر باد کہہ کر اپنے پرستاروں اور میڈیا نمائندوں کو حیران کردیا تھا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ہی سوشل میڈیا کو خیرباد کہتے ہوئے کہا تھا یہ میری آخری پوسٹ ہے۔
عامر خان کی جانب سے اچانک سوشل میڈیا کو خیرباد کہنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی تھی اسلیے ان کے مداح ان کے اس فیصلے سے کافی حیران تھے۔ تاہم اب انہوں نے سوشل میڈیا چھوڑنے کی وجہ بتادی ہے۔ یہ بھی پڑھیں: عامر خان نے سوشل میڈیا کو خیرباد کہہ دیا
گزشتہ روز فلم ’’کوئی جانے نا‘‘ کی اسکریننگ کے دوران میڈیا نمائندوں نے ان سے اس فیصلے کے متعلق پوچھا تو عامر خان نے کہا آپ لوگ اپنی تھیوریز نہ لگائیں، میں اپنی دھن میں رہتا ہوں میں سوشل میڈیا پر ہوں کہاں؟ میں ویسے بھی سوشل میڈیا پر کوئی پوسٹ نہیں کرتا۔
عامر خان نے کہا جب سوشل میڈیا نہیں تھا اس وقت بھی تو ہم آپ سے اور دیگر لوگوں سے رابطے میں رہتے تھے لہذا میں اب بھی میڈیا کے ذریعے لوگوں سے رابطے میں رہوں گا۔
عامر خان نے مزید کہا اب اس صورتحال میں جب میں نے سوشل میڈیا کو خیرباد کہدیا ہے تو میڈیا نمائندگان کا کردار بہت بڑھ گیا ہے کیونکہ میں میڈیا کے ذریعے ہی لوگوں سے رابطے میں رہوں گا اسلیے آپ لوگوں کو تو خوش ہونا چاہئے اور مجھے آپ (میڈیا نمائندوں) پر پورا بھروسہ ہے۔
واضح رہے کہ عامر خان نےاپنے ذاتی اکاؤنٹس سے سوشل میڈیا کو خیرباد کہا ہے تاہم وہ ’عامر خان پروڈکشن‘ کے آفیشل اکاؤنٹ سے لوگوں سے رابطے میں رہیں گے اور ان کی آنے والی فلموں کے حوالے سے تمام معلومات بھی اسی اکاؤنٹ پر فراہم کی جائیں گی۔