عرب اتحاد نے حوثیوں کا خمیس مشیط کی جانب آنے والا بارود سے لدا ڈرون مار گرایا

Colonel Turki al-Maliki

Colonel Turki al-Maliki

الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) عرب اتحاد کی فضائی فورسز نے سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر خمیس مشیط کی جانب یمن سے حوثی ملیشیا کا چھوڑا گیا بارود سے لدا ایک اور ڈرون تباہ کردیا ہے۔اس شہر میں سعودی عرب کا شاہ خالد ائیربیس واقع ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق عرب اتحاد نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ حوثی ملیشیا نے سعودی عرب میں شہری اہداف اور شہریوں کو ڈرون اور میزائل حملوں میں نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے ان میں سے بہت سے ڈرونز اور میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کردیا ہے۔

جمعہ کی صبح حوثی ملیشیا نے سعودی دارالحکومت الریاض میں واقع تیل صاف کرنے کے ایک کارخانے کو ڈرونز سے نشانہ بنایا تھا۔اس حملے میں ریفائنری کے ایک حصے میں آگ لگ گئی تھی لیکن سعودی حکام نے اس پر جلد قابو پا لیا تھا۔

اس ڈرون حملے میں کوئی شخص زخمی ہوا تھا اور نہ ریفائنری سے تیل کی سپلائی معطل ہوئی تھی۔اس سے نکلنے والی پائپ لائنوں سے بھی سپلائی جاری رہی تھی۔

ایران کے حمایت حوثیوں نے گذشتہ ایک ماہ سے سعودی عرب کے شہروں اور شہری اہداف پر حملے تیز کررکھے ہیں۔ انھوں نے سات مارچ کو سعودی عرب کی تیل کی برآمدات کے لیے استعمال ہونے والی بندرگاہ راس تنورہ پر متعدد ڈرونز سے حملہ کیا تھا اورمملکت کے مشرق میں واقع شہر ظہران میں سعودی آرامکو کی تنصیبات کوبیلسٹک میزائل کے حملے میں نشانہ بنایا تھا۔

لیکن سعودی فورسز نے ان میں سے بیشتر ڈرونز کو تباہ کردیا تھا۔سعودی حکام کے مطابق راس تنورہ کی بندرگاہ پر پیٹرولیم کے ایک ٹینک پر سمندر سے ڈرون حملہ کیا گیا تھا اور ظہران میں سعودی آرامکو کے اقامتی علاقے میں بیلسٹک میزائل کے ٹکڑے گرے تھے۔حکام کے مطابق ان دونوں حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔