ملتان (اصل میڈیا ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کو کوئی سیاسی طوفان یا سونامی نہیں بچاسکتا، حکومت نے قوم سے کیاکوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔
ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ نوکریوں کا اعلان کیا تھا،ایک نوجوان کو نوکری نہیں ملی،50 لاکھ گھروں میں ایک کو بھی مکان نہیں ملا۔
امیر جماعت اسلام سراج الحق نے کہاکہ پی ٹی آئی، مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی کی حکومتوں کی وارث حکومت ہے، یہ حکومت ایسا انجن ہے جس میں کچھ ٹریکٹر، کچھ سائیکل اور کچھ جہانگیر ترین کے ہیلی کاپٹر کے پرزے لگے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گیارہ سو دن گزرنے کے باوجود یہ حکومت ہل رہی ہے، اسے گیارہ ہزار دن بھی مل جائیں تو یہ اڑنے والی نہیں۔
انہوں یہ بھی کہا کہ پرانے مستریوں سے نیا پاکستان بنانے کی خواہش رکھنے والوں نے نہ نیا پاکستان بنایا نہ پرانا پاکستان بچایا، یہ حکومت چاہتی ہے کہ الیکشن کمیشن اور نیب اس کی تابعدار ہو۔