اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کا جائزہ لینے کے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اہم اجلاس آج ہو گا۔
حکام وزارت صحت کی جانب سے این سی او سی اجلاس کے لیے اہم بریفنگ کی تیار کر لی گئی ہے، اجلاس میں مساجد، تعلیمی اداروں اور تجارتی مراکز سمیت شہروں میں ایس او پیز کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق این سی او سی کو ملک میں کورونا کی حالیہ لہر میں شدت اور اس کی نئی اشکال سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔
اجلاس میں صوبائی حکومتوں کو ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایات جاری کیے جانے کے ساتھ اب تک کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
آج ہونے والے اجلاس میں تعلیمی اداروں کی بندش کے طلبا کی تعلیم پر منفی اثرات اور امتحانات کے طریقہ کار سمیت دیگر امور پر مشاورت کا بھی امکان ہے۔
اس کے علاوہ مساجد میں ایس او پیز پر عمل درآمد اور رمضان المبارک کے حوالے سے تیاریوں پر بھی مشاورت کی جائے گی۔
تجارتی مراکز کی بندش اور ایس او پیز پر عمل درآمد کے حوالے سے بھی این سی او سی حکام جائزہ لیں گے۔
خیال رہے کہ کورونا کی تیسری لہر کے باعث پاکستان میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور اب تک 13863 افراد ہلاک جبکہ 6 لاکھ 30 ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔