لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پنجاب حکومت نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر تمام تفریحی پارک بندکردیے تاہم پارکوں میں صرف واکنگ ٹریک کھلےرہیں گے۔
حکومت پنجاب کی جانب سے لاک ڈاؤن کا ترمیمی نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت شادی بیاہ کی تمام ان ڈورتقریبات پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
ترمیمی نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 300 مہمانوں کےساتھ آوٹ ڈور شادی کی تقریبات ایس اوپیز کی پاسدار ی سے مشروط ہوں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام کاروباری سرگرمیاں رات 8 بجے بند ہوجائیں گی تاہم ریسٹورینٹس کو رات 10 بجےتک آؤٹ ڈورڈائننگ کی اجازت ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ریٹیل شاپس 70 فیصد افرادی قوت کے ساتھ کام کریں گی جب کہ فارمیسی، میڈیکل اسٹور، لیبارٹریاں، اسپتال اورکلینکس 24 گھنٹےکھلے رہیں گے، اس کے علاوہ بین الاضلاع ٹرانسپورٹ پر 50 فی صدمسافروں کی اجازت ہوگی۔