بیک ڈور سے آنے کا ہم سوچ نہیں سکتے: مراد علی شاہ

 Murad Ali Shah

Murad Ali Shah

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی تیسری نسل جمہوریت کی بحالی کا کام کررہی ہے، بیک ڈور سے آنے کا ہم نہیں سوچ سکتے۔

حیدر آباد دورے کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں قومی اسمبلی کی نشست پر مشترکہ امیدوار لائیں گے۔ پیپلزپارٹی نے اپنے امیدوار کی تیاری ضرور کی ہے پر پی ڈی ایم کا مشترکہ امیدوار لانے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی نیب کی پیشی پر پیپلزپارٹی لائحہ عمل تیار کر رہی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان کا مریم نواز کی پیشی پر ساتھ جانے کا فیصلہ پارٹی کریگی ، جو بھی بہتری میں ہوگا وہی فیصلہ کیا جائیگا۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کی ہماری پوری تیاری تھی، پی ڈی ایم میں جو بھی فیصلے ہونے چائیے وہ افہام و تفہیم سے ہونی چاہئیں، پیپلزپارٹی سی ای سی کی میٹنگ میں فیصلہ کریگی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہماری پارٹی کی تیسری نسل جمہوریت کی بحالی کا کام کررہی ہے، بیک ڈور سے آنے کا ہم نہیں سوچ سکتے، صوبے کو وفاق تو پیسے دیتے نہیں اور دوسروں کو کام کے لیے پیسے دیے جارہے ہیں صوبوں کو ان کا جائز حق دیا جائے۔