کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی کے مسائل کے حل اور تین کروڑ سے زائد شہریوں کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول کے لیے جاری ‘حقوق کراچی تحریک ‘کے سلسلے میں شارع فیصل پر قائد آباد تا گورنر ہاؤس ‘حق دو کراچی ریلی’ نکالی گئی۔
گورنر ہاؤس کے سامنے ریلی کے شرکاء سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نےکہا کہ کراچی کی درست مردم شماری کی جائےاورکوٹہ سسٹم ختم کیا جائے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ کراچی کو حقیقی قیادت سے محروم کیا گیا اور مصنوعی قیادت دی گئی ، مصنوعی قیادت نےکراچی کو کچھ نہیں دیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ تبدیلی کے نعرے والوں نے پلٹ کر کراچی کو پوچھا بھی نہیں، شہر کی آبادی کو آدھا گنا گیا، پی ٹی آئی اورایم کیو ایم نے اسے تسلیم کرلیا، کوٹہ سسٹم کراچی کے نوجوانوں کے ساتھ ظلم ہے۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ کراچی دشمنی میں سب حکمران پارٹیاں ملی ہوئی ہیں،5 سال سے کے الیکٹرک کے خلاف عدالت سے رجوع کر رکھا ہے،چیف جسٹس سے مطالبہ ہے کہ کیس کو آگے بڑھایا جائے،کے الیکٹرک کو گیس سستی دی جاتی ہے اور کے الیکٹرک شہریوں کو بجلی مہنگی فروخت کرتی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں،کراچی کو بااختیار شہری حکومت ملنی چاہیے،میئر براہ راست منتخب کیا جائے۔