وزیراعظم نے 27 رکنی اقتصادی مشاورتی کونسل کی تشکیل نو کی منظوری دے دی

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ملکی معیشت میں بہتری اور شرح نمو میں اضافے کے لیے 27 رکنی اقتصادی مشاورتی (اکنامک ایڈوائزری) کونسل کی تشکیل نو کی منظوری دے دی۔

وزارت خزانہ کے نوٹی فکیشن کے مطابق اس کونسل کے چیئرمین وزیراعظم اور وزیر خزانہ نائب چئیرمین ہوں گے جو کہ وزیراعظم کی عدم موجودگی میں اکنامک ایڈوائزری کونسل کی صدارت کر سکیں گے۔

حکومت کی جانب سے تشکیل کردہ اکنامک ایڈوائزری کونسل میں سابق وزیر خزانہ شوکت ترین سمیت نجی شعبے کے ماہرین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق کونسل میکرو اکنامک اعشاریوں میں بہتری اور استحکام کے لیے اقدامات تجویز کرے گی۔

کونسل میں نجی شعبے سے لیے گئے 13 ارکان میں ڈاکٹر عابد سلہری، عارف حبیب، آصف قریشی، اعجاز نبی، فاروق رحمت اللہ، محمد علی، ڈاکٹر راشد امجد، سلمان شاہ، ڈاکٹر شمشاد اختر، سلطان الانہ، سید سلیم رضا اور زید علی بھی شامل ہیں۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اور گورنر اسٹیٹ بینک کو بھی بطوررکن مشاورتی کونسل مقرر کیا گیا ہے۔

کونسل کے حکومتی ارکان میں 5 وفاقی وزراء، وزیر توانائی، وزیر منصوبہ بندی، وزیر صنعت، وزیر نیشل فوڈ سیکیورٹی اور وزیر اقتصادی امور شامل ہیں۔ مشیر تجارت، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات، معاونین خصوصی برائے اوورسیز، پاور اور ریونیو بھی مشاورتی کونسل کا حصہ ہیں۔