سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے کووِڈ-19 کے 902 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے اور مملکت میں گذشتہ چند ماہ کے بعد پہلی مرتبہ کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد 900 سے متجاوز ہو گئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق مملکت میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد اب کل کیسوں کی تعداد 395854 ہوگئی ہے۔ان میں سے 6728 وفات پا چکے ہیں۔نومریض آج چل بسے ہیں۔
سعودی عرب میں حالیہ دنوں میں کووِڈ-19 کے تشویش ناک کیسوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔اس وقت 874 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے اور وہ مختلف اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں۔
گذشتہ 24 گھنٹے میں دارالحکومت الریاض میں سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ان کی تعداد 402 ہے۔ مکہ مکرمہ میں 163،صوبہ مشرقی میں 155،عسیرمیں 36 اور مدینہ منورہ میں 26 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔
دریں اثناء حالیہ دنوں میں کووِڈ-19 کا شکار ہونے والے 469 افراد شفایاب ہوگئے ہیں۔اس طرح اب صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 381658 ہوگئی ہے جبکہ فعال کیسوں کی تعداد 7468 ہے۔
سعودی وزارتِ صحت ایک سے زیادہ مرتبہ لوگوں کو یہ باور کراچکی ہے کہ وہ کروناوائرس سے بچاؤ اور اس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔اس نے خلاف ورزی کے مرتکبین کو خبردار کیا ہے کہ وہ حکومت کی رہ نما ہدایات کی خلاف ورزیوں کی روش ترک کردیں ورنہ ان کے خلاف تادیبی کارروائی جائے گی۔