اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے رمضان میں کورونا کے پھیلاؤ کو کم رکھنے کے لیے علما سے کردار ادا کرنے کی اپیل کر دی۔
اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر 50 فیصد کے قریب عمل کیا جا رہا ہے، تیسری لہر سے نمٹنے کے لیے ایس اوپیز کے تحت احتیاط ضروری ہے کیونکہ تشویشناک حالت والے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جون میں جب بیماری زور پر تھی تو 3300 کیسز تھے، اب ہیلتھ ورکرز پر پریشر زیادہ ہے، تشویشناک حالت والے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ماسک کا استعمال اس وقت 5فیصد بھی نہیں اور پابندی کے باوجود ریسٹورینٹس میں انڈور ڈائننگ چل رہی ہے جب کہ کاروبار کے اوقات کار پر عملدرآمد نہیں ہورہا ہے۔
معاون خصوصی نے علمائے کرام سے کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ علما رمضان المبارک میں اپنا کردار ادا کریں، پچھلے رمضان میں علمانے بہت تعاون کیا تھا، ان کا کردار وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں بہت کارآمد ثابت ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویکسین کورونا سے بچاؤ کرتی ہےلیکن 100فیصد نہیں ہوتی لہٰذا ویکسین کے ساتھ احتیاط کی بھی ضرورت ہے کیونکہ بیماری کے پھیلاؤ نے ہیلتھ سسٹم پر بہت شدید اثر ڈالا ہے۔