کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما سینیٹر فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے اپنے دلائل سے قائل کیا کہ مردم شماری درست نہیں۔
ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد میں اراکین اسمبلی کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر فیصل سبزواری نے کہا کہ دوبارہ مردم شماری کا فیصلہ ایم کیوایم کے مؤقف کی جیت ہے، 2017 میں تاریخ کی متنازع ترین مردم شماری ہوئی، اس کی منظوری درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کے شناختی کارڈ کے حوالے شیخ رشید کا بیان ٹھیک نہیں تھا، جلد نئی مردم شماری کا اعلان خوش آئند ہے، مشترکہ مفادات کونسل کے وعدے پر پہرہ دیں گے۔
فیصل سبزواری کا کہنا تھاکہ ایم کیوایم نے اپنے دلائل سے قائل کیا کہ مردم شماری درست نہیں، حکومت نے ہماری تین سفارشات تسلیم کیں ایک نہیں کی۔
انہوں نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیاء خوردونوش کی قیمتیں کنٹرول نہ کرنے پر سندھ حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
فیصل سبزواری نے الزام لگایا کہ کراچی میں ڈپٹی کمشنرز کو زمینوں پر قبضہ کرنے کیلئے تعینات کیا گیا۔