یو اے ای: کووِڈ-19 کے 1958 نئے کیسوں کی تشخیص،تین مریضوں کی وفات!

UAE

UAE

یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی قومی ایمرجنسی کرائسیس اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این سیما) نے گذشتہ 24 گھنٹے میں ​ کووِڈ-19 کے 1958 نئے کیسوں کےاندراج کی اطلاع دی ہے۔

اتھارٹی نے ہفتے کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ پہلے سے اس مہلک وائرس کا شکار تین مریض وفات پا گئے ہیں جبکہ 1545 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔اس کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 214765 ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور ان میں مذکورہ کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔

این سیما کے مطابق یو اے ای میں کرونا وائرس کی ویکسین لگانے کی مہم بھی بڑے پیمانے پر جاری ہے اور اب تک 9489684 افراد کو ویکسین کی ایک یا دونوں خوراکیں لگائی جاچکی ہے۔

متحدہ عرب امارات میں اس سال بھی رمضان میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اجتماعی افطار سمیت سماجی اجتماعات پر پابندی عاید ہے اور صرف ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد کو مل بیٹھ کر اکٹھے افطار کرنے کی اجازت ہے۔اس مرتبہ بھی مساجد کے باہر افطار خیمے لگانے یا کسی جگہ افطار کے لیے جمع ہونے والے افراد کو کھانا دینے پر پابندی ہے۔

امارات سے تعلق رکھنے والے ایک ڈاکٹر نے العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مرتبہ 2020ء کے رمضان کے مقابلے میں زیادہ افراد میں بعد از کووِڈ-19 کی علامات ظاہر ہورہی ہیں۔اس کی وجہ انھوں نے یہ بیان کی ہے کہ جنوری کے بعد سے کروناوائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

انھوں نے کووِڈ-19 کی شدید علامات کے حامل افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ روزے نہ رکھیں۔البتہ انھوں نے یہ وضاحت بھی کی ہے کہ اگر صحت مند افراد روزے رکھتے ہیں تو اس سے اس مہلک وائرس کے مقابلے کے لیے ان کی قوت مدافعت میں اضافہ ہوگا