محمد بن سلمان اور برطانوی ایلچی کی ملاقات میں علاقائی صورت حال پر بات چیت

 Muhammad bin Salman

Muhammad bin Salman

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے اتوار کی شام خلیج کے علاقے کے لیے برطانوی وزیر اعظم کے خصوصی ایلچی ایڈورڈ لیسٹر سے ملاقات کی۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ملاقات کے دوران میں دونوں دوست ممالک کے بیچ خصوصی تعلقات اور انہیں مضبوط بنانے کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔ ساتھ ہی مشترکہ دل چسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور بھی زیر بحث آئے۔

ملاقات میں برطانیہ کے لیے سعودی عرب کے سفیر شہزادہ خالد بن بندر بن سلطان، سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فيصل بن فرحان بن عبدالله، وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی اور سعدوی عرب میں برطانوی سفیر نیل کرومپٹن بھی موجود تھے۔

اس سے قبل اتوار کے ہی روز سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور اور کابینہ کے رکن عادل بن احمد الجبیر نے وزارت خارجہ کے دفتر میں برطانوی ایلچی ایڈورڈ لیسٹر کا استقبال کیا۔ ملاقات میں دونوں دوست ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور ان کو مضبوط بنانے کے راستوں کا جائزہ لیا گیا۔ علاوہ ازیں مشترکہ دل چسپی کی علاقائی اور بین الاقوامی صورت حال بھی زیر بحث آئی۔