کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) حکومت سندھ نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث کراچی کے حلقہ این اے- 249 میں 29 اپریل کو ہونے والا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کے لیےچیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔
سندھ حکومت کی جانب سےچیف الیکشن کمشنر کولکھے خط میں کہا گیا ہے کہ ملک کورونا وائرس کی تیسری لہر سے گزررہا ہے۔ ملک کے بڑے شہروں کو کورونا وائرس کی نئی اقسام کا سامنا ہے، حیدرآباد اور کراچی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح 3 سے بڑھ کر 7.8 فیصد ہوگئی ہے، اس صورتحال میں اجتماعات، کارنر میٹنگز اور جلوس خطرناک ہوں گے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ضمنی انتخاب کا التوا انسانی جانوں کے ضیاع کو بچاسکتا ہے۔ متعلقہ حلقے میں دیگر شہروں سے آمدورفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے لہٰذا قوی امکان ہے کہ انتخابات ہوئے تو مریضوں اور اموات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب سندھ حکومت کا لکھا گیا خط مشکوک ہوگیا ہے کیوں کہ شہر کے دیگر اضلاع کے مقابلے میں ضلع غربی میں کورونا کیسز کی شرح کم ہے۔ 10 دنوں کے اعداد و شمار میں ضلع غربی میں کیسز دیگر اضلاع کی نسبت کم ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی امیدوار کی این اے249 پر کامیابی کا امکان کم ہے جس کے بعد اچانک سندھ حکومت نے پولنگ ملتوی کرانے کی درخواست کر دی ہے۔