کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ضلع وسطی کے تین ٹاؤنز کی مختلف گلیوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون لگا دیا گیا جو 5 مئی تک نافذ رہے گا۔
اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن گلبرک، نارتھ کراچی اور نارتھ ناظم آباد کے علاقوں میں لگایا گیا ہے جس کا اطلاق 21 اپریل سے 5 مئی تک ہو گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ تینوں ٹاؤنز کے متاثرہ علاقوں میں 13کورونا کے مریض موجود ہیں، متاثرہ علاقوں میں آنے اور جانے والے تمام افراد کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے جب کہ متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق متاثرہ علاقوں میں تمام کاروباری و صنعتی سرگرمیاں معطل رہیں گی اور ڈبل سواری پر پابندی ہوگی جب کہ فیملی اجتماع کا انعقاد بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں کے کورونا مثبت افراد اپنے گھروں میں قرنطینہ رہیں گے، حکومت متاثرہ علاقوں میں رہنے والے مستحق افراد میں راشن تقسیم کرنے کے اقدامات کرے گی۔