کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا کیسز میں اضافے کے باعث ضلع وسطی کے 4 ٹاؤنز کے مختلف علاقوں اور رہائشی یونٹس میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کے ضلع وسطی کے چار ٹاؤنز گلبرگ، نارتھ کراچی، لیاقت آباد اور نارتھ ناظم آباد کے مختلف علاقوں اور رہائشی یونٹس میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون لگایا گیا ہے جو 27 اپریل سے 11 مئی تک نافذالعمل رہے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چاروں ٹاؤنز میں 58 کورونا کے مریض موجود ہیں اور مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی جانب سے ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی پر لگایا گیا۔
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں آنے اور جانے والے تمام افراد کو ماسک لازمی پہننا ہے جب کہ لاک ڈاؤن کے دوران متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن والے علاقے میں تمام کاروباری و صنعتی سرگرمیاں معطل رہیں گی اور متاثرہ علاقوں میں ڈبل سواری اور فیملی اجتماع پر بھی پابندی ہو گی۔
اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں کے کورونا مثبت افراد اپنے گھروں میں قرنطینہ رہیں گے اور حکومت متاثرہ علاقوں میں بسنے والے مستحق افراد میں راشن تقسیم کرنے کے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔