پاکستان میں ویکسین کو بے اثر کرنے والے دو قسم کے کورونا وائرس کی تصدیق

Coronavirus

Coronavirus

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی میں کورونا وائرس کی دو ایسی اقسام سامنے آگئیں جن پر ویکسین اثر نہیں کرتی اور ویکسین لگوانے کے باوجود کورونا وائرس ہو سکتا ہے۔

اس حوالے سے وزیر صحت اور بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو نے کہا ہے کہ آغا خان اسپتال میں کورونا وائرس کے 13 سیمپلز کی اسٹڈی کی گئی جن میں 10 برطانوی، 2 جنوبی افریقی اور ایک برازیلین ویرینٹ پایا گیا، جنوبی افریقی اور برازیلین ان دو اقسام کے ویرینٹس پر ویکسین اثرانداز نہیں ہوتی، ویکسین کرانے کے باوجود بھی یہ ویرینٹ لگ سکتا ہے، ویرینٹ پھیلا تو صورتحال بگڑنے کا خدشہ ہے، محکمہ صحت اور اسپتالوں پر شدید دباؤ پڑسکتا ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ برطانوی ویرینٹ تیزی سے پھیلنے والا ہے جب کہ جنوبی افریقا اور برازیلین ویرینٹ کے وائرس سے اموات کی شرح بہت زیادہ ہے، ان دونوں ویرینٹس پر ویکسین کا اثر بھی نہیں ہوتا، ویکسین کرانے کے باوجود بھی یہ ویرینٹ آپ کو لگ سکتا ہے۔

عذرا افضل پیچوہو نے مزید کہا کہ اگر یہ غیر ذمہ داری یونہی رہی تو حالات بہت زیادہ خراب ہوسکتے ہیں، اگر بھارت کی طرح وائرس کا پھیلاؤ شروع ہوا تو ہم مشکل میں آجائیں گے، عوام احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عمل کریں۔