پیونگ یانگ (اصل میڈیا ڈیسک) شمالی کوریا نے کہا ہے کہ جو بائڈن انتظامیہ ہمارے خلاف مخاصمانہ حکمت عملی اپنائے ہوئے ہے۔
شمالی کوریا وزارت خارجہ نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں واشنگٹن سے جاری کئے جانے والے بیانات اس بات کا اظہار ہیں کہ بائڈن مخاصمانہ سیاست جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ جو بائڈن انتظامیہ پیونگ یانگ انتظامیہ اور اس کے جوہری پروگرام کے بارے میں پالیسی کا اعلان کرنے کی تیاریوں میں ہے۔ بائڈن نے اپنے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ شمالی کوریا کا جوہری پروگرام عالمی سلامتی کے لئے “شدید خطرہ” ہے اور وائٹ ہاوس اس ملک کے ساتھ نپا تُلا روّیہ اختیار کرے گا۔
وائٹ ہاوس کی ترجمان جین پساکی نے بھی جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ امریکی پالیسی پر نظر ثانی مکمل ہو گئی ہے۔ بائڈن نے شمالی کوریا کو جوہری پروگرام سے باز رکھنے میں گذشتہ چار امریکی انتظامیہ کی ناکامی سے سبق حاصل کیا ہے۔
پساکی نے کہا ہے کہ ہماری پالیسی نہ تو کسی بڑے موتول پر توجہ مرکوز کرے گی اور نہ ہی اسٹریٹجک صبر کا مظاہرہ کرے گی۔ اس کی جگہ امریکہ ایک طرف ڈپلومیسی کے لئے کھُلا نپا تُلا روّیہ اختیار کرے گا اور دوسری طرف اپنے اتحادیوں کی سلامتی میں اضافے کے معاملے میں پیش رفت کرے گا۔