اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے بازارکے دورے پر ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ پوری قوم نے دیکھا کل کیسے عمران صاحب نے سائیکل پر پروٹوکول کے بغیرخالی بازاروں کا دورہ کیا، رمضان میں عوام بدترین اور تاریخی مہنگائی سے دوچار ہیں، ایسے میں عمران صاحب گانے لگا کر فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، گانے لگا کر فلم کی شوٹنگ کروا کے عوام کو دھوکا دینے کی کوشش کی، عوام کو پاگل سمجھ رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب، وزیراعظم کی کرسی پربیٹھ کر پہلے سبزیاں فروٹ، تمام اشیاء مہنگی کرتے ہیں، پھر بازاروں میں فلمی انداز میں میڈیا اسٹنٹ کرکے عوام سے ڈرامے کرتے ہیں، گانے لگا کربازاروں کے دورے کی فلم نشر کرکے مہنگائی کم اور عوام کو ریلیف نہیں دیا جاسکتا، آپ کی ماڈلنگ سے آٹا، چینی، بجلی، گیس اور دوائی کی قیمتوں میں کمی نہیں آتی، آپ کے فوٹوگرافر کو ایوارڈ تو دیا جاسکتا ہے لیکن بیچاری عوام کوریلیف نہیں دیاجاسکتا۔
لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ قوم کو امید تھی کہ آج آٹا، چینی، روٹی، انڈے، گوشت، سبزیاں، پھل سستے ہوگئے ہوں گے لیکن گانے لگاکر ویڈیوز ریلیز کرکے آپ نے عوام کے جذبات اورمہنگائی کی قیامت ٹوٹنے پر ان کا مذاق اڑایا۔