فرانس (اصل میڈیا ڈیسک) فرانس نے مصر کو ساڑھے چار ارب ڈالر (پونے چار ارب یورو) میں 30 رافیل لڑاکا جیٹ فروخت کرنے کی ڈیل سے اتفاق کیا ہے۔
ایک تحقیقاتی ویب سائٹ نے سوموار کو خفیہ دستاویز کے حوالے سے اس ڈیل کی اطلاع دی ہے۔فرانسیسی حکومت کے ایک ذریعے نے ویب گاہ ’’ڈسکلوز‘‘کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ’’مصر کے ساتھ دراصل بہت اعلیٰ سطح کی بات چیت ہوئی ہے۔اس ضمن میں بہت جلد اعلان کیا جاسکتا ہے۔‘‘تاہم اس ذریعے نے اس ڈیل کی مزید تفصیل بتانے سے گریز کیا ہے۔
فرانسیسی صدر عمانوایل ماکروں نے گذشتہ دسمبر میں کہا تھا کہ ’’وہ مصرکوہتھیاروں کی فروخت کا معاملہ انسانی حقوق کی صورت حال سے مشروط نہیں کریں گے کیونکہ وہ مصر کی خطے میں دہشت گردی سے نمٹنے کی صلاحیت کو کم زور نہیں کرنا چاہتے ہیں۔‘‘انھیں اس بیان پر کڑی تنقید کا نشانہ بننا پڑا تھا۔
ڈسکلوز نے کہا ہے کہ فرانس اور مصر کے درمیان سمجھوتے میں میزائل مہیا کرنے والی فرم ایم بی ڈی اے اور دفاعی آلات فروخت کرنے والی فرم سفران الیکٹرانکس اینڈ ڈیفنس کے ساتھ ٹھیکے بھی شامل ہیں۔ان کی الگ سے مالیت 20 کروڑ یورو ہوگی۔
اس کا کہنا ہے کہ فرانس اور مصر کے درمیان اس ڈیل پر منگل کو دست خط متوقع ہیں اور اس مقصد کے لیے مصر کا ایک وفد پیرس پہنچنے والا ہے۔
واضح رہے کہ فرانس 2013ء سے 2017ء تک مصرکو اسلحہ بیچنے والا ایک بڑا ملک رہا ہے لیکن فرانس سے اسلحہ خریداری کے بعض ٹھیکے ایسے ہی ختم ہوگئے تھے۔
ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اب فرانسیسی ریاست مصر کو رافیل لڑاکا جیٹ اور دفاعی سامان فروخت کرنے سے متعلق ڈیل کی 85 فی صد ضامن ہوگی۔