کویت (اصل میڈیا ڈیسک) کویت نے کووِڈ-19 کی ویکسین نہ لگوانے والے اپنے شہریوں پر 22 مئی سے بیرون ملک سفر پر پابندی عاید کر دی ہے۔
کویت کی وزارت اطلاعات نے کابینہ کے فیصلے کے حوالے سے بتایا ہے کہ عمر کے جو گروپ ویکسین لگوانے کے اہل نہیں،ان پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔کویتی کابینہ نے غیرکویتیوں کے ملک میں داخلے پرعاید پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ کویت میں اس سال کے آغاز کے بعد سے کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے اور اس وقت روزانہ 1300 سے 1500 کے درمیان کووِڈ-19 کے کیسوں کی تشخیص ہورہی ہے۔
کویت میں اب تک 276500 کیسوں کی تشخیص ہوچکی ہے۔کویتی حکومت نے دس روز قبل بھارت سے آنے والی پروازوں کے ملک میں داخلے پرعارضی پابندی عاید کردی تھی۔اس نے یہ فیصلہ بھارت میں کرونا وائرس کے کیسوں کی یومیہ تعداد میں ہوشربا اضافے کے پیش نظر کیا تھا۔
کویت نے قبل ازیں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اپنی برّی اور سمندری سرحدیں تاحکم ثانی بند کردیا تھا۔البتہ جہاز رانی کی صنعت سے وابستہ کارکنوں ، کویتی شہریوں اور ان کے خاندانوں کو ملک میں داخلے کی اجازت ہے۔
واضح رہے کہ کویت نے کووِڈ-19 کے کیسوں کی یومیہ تعداد میں اضافے کے پیش نظر 7 فروری کو غیرشہریوں کے ملک میں داخلےپر پابندی عاید کردی تھی۔
کویتی کابینہ کے فیصلے کے مطابق خلیجی ریاست میں کام کرنے والے تارکینِ وطن کے والدین ، بچے اور ان کے ساتھ گھریلو ملازمین اس فیصلے سے مستثنا ہیں اور انھیں پابندی کے عرصے کے دوران میں ملک میں آنے کی اجازت ہے۔البتہ انھیں کویت میں آمد کے بعد قرنطین میں رہنا ہوگا۔