لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستانی بیٹسمینوں نے زمبابوین بولرز کا حوصلہ آزمانے کی تیاری کرلی جب کہ ٹاپ اور مڈل آرڈر کو مستحکم بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز رہی۔
ہرارے میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کرنے والی پاکستان ٹیم ددوسرے میچ کیلیے تیاریوں کو حتمی شکل دے رہی ہے،گذشتہ روز بھی مہمان کرکٹرز نے بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا،اس دوران ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بیٹنگ کوچ یونس خان نے ٹاپ اور مڈل آرڈر کو مستحکم بنانے پر توجہ مرکوز رکھی۔
عابد علی اور عمران بٹ نے نیٹ میں طویل وقت گزارتے ہوئے دفاع بہتر بنانے کے ساتھ اچھے اسٹروکس بھی کھیلے، اظہر علی اور بابر اعظم نے کور ڈرائیوز کی مہارت میں بہتری لانے کے ساتھ شارٹ گیندوں کا بھی سامنا کیا۔
فواد عالم نے تھرو بولنگ اور سلوبولرز کا بھی بڑے اعتماد سے سامنا کیا،انھیں تسلسل کے ساتھ سوئپ شاٹ کھیلتے ہوئے بھی دیکھا گیا، اسپنرز نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود نے مقامی کنڈیشنز سے فائدہ اٹھانے کیلیے بھرپور ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھا،میدان میں چلنے والی ہوا سے مدد لینے کی کوشش بھی ہوتی رہی،پیسرز شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، شاہنواز دھانی، تابش خان اور حارث رؤف نے بھرپور پریکٹس سے لہو گرمایا۔
اس سے قبل فیلڈنگ سیشن میں اونچے کیچز تھامنے کی مشق ہوئی،وکٹ کیپر محمد رضوان سنگل وکٹ کے قریب کھڑے ہوکر اسٹمپنگ اور رن آؤٹ کی پریکٹس کرتے نظر آئے۔
دوسری جانب ہیڈکوچ اور کپتان سمیت مینجمنٹ کے ارکان جمعے کو شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کیلیے ممکنہ کمبی نیشن پر تبادلہ خیال بھی کرتے رہے۔