لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے کورونا کیسز میں اضافہ ہوا لہٰذا شہری وبا پر قابو پانے کے لیے انتظامیہ سے تعاون کریں۔
وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
راجہ بشارت نے ہدایت کی کہ لاک ڈاؤن کے دوران اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اوراشیائے خورونوش کی سپلائی چین کسی صورت متاثر نہ ہو۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ اشیائے ضروریہ کی سپلائی کیلئے لاجسٹکس، کوریئر سروسز کو بلارکاوٹ کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، اجلاس میں برآمدات کی حامل زرعی انڈسٹری کے لاک ڈاؤن سے استثنیٰ کیلئے سفارشات این سی او سی میں پیش کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کرایا جائے گا، خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔