ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) معروف اداکارہ کنگنا رناوت بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئیں۔
بھارتی حکومت کے خلاف متنازع بیانات کے باعث کچھ روز قبل اداکارہ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کیا گیا تھا جس کے بعد وہ انسٹاگرام پر کافی سرگرم دکھائی دے رہی تھیں۔
کنگنا نے انسٹاگرام پر اپنی یوگا کرتے ہوئے تصویر شیئر کی اور مداحوں کو بتایا کہ ان کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آچکا ہے۔
اداکارہ نے طویل کیپشن میں لکھا کہ کچھ روز سے میں تھکاوٹ اور آنکھوں میں جلن محسوس کر رہی تھی، گزشتہ روز میں نے کووڈ کا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ آج آئی ہے۔
کنگنا نے بتایا کہ میں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے، مجھے اس بات کا بالکل اندازہ نہیں تھا کہ یہ وائرس جسم میں موجود ہے۔
اداکارہ نے مضبوظ لہجے میں کہا کہ اب مجھے اس بات کا علم ہے کہ مجھے یہ بیماری ہو چکی ہے، اسی لیے میں اسے ہرا دوں گی، برائے مہربانی کسی کو بھی خود پر طاقت نہ آزمانے دیں، جس چیز سے آپ جتنا ڈریں گے یہ آپ پر اتنی حاوی ہوگی۔
کنگنا نے پر امید ہوتے ہوئے کہا کہ آئیں مل کر اس وبا کو شکست دیتے ہیں، یہ کچھ بھی نہیں ہے سوائے عام سے فلو کے۔