وزیراعلیٰ بلوچستان کے اپنے ہی اسپیکر سے اختلافات بڑھ گئے

Abdul Qaddos Bizenjo

Abdul Qaddos Bizenjo

کوئٹہ (اصل میڈیا ڈیسک) بلوچستان کے وزیر اعلیٰ جام کمال کے اپنے ہی پارٹی کے اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو سے اختلافات بڑھ گئے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال اور اسپیکر عبدالقدوس بزنجو کے درمیان سرد مہری تو پچھلے 2 سالوں سے ہے، جو اس وقت پیدا ہوئی جب وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے آواران میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کی جانچ پڑتال کے لیے وزیر اعلیٰ کی معائنہ ٹیم کو بھجوایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ عرصے سے وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف عدم اعتماد کی باتوں نے زور پکڑا تو اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور وزیر اعلیٰ کے درمیان بھی اختلافات کی خلیج گہری ہوتی چلی گئی۔

ایک طرف بلوچستان اسمبلی کے سیکرٹری نے وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری کو خط لکھ کر 13 سال قبل محکمہ نظم ونسق کی جانب سے دی جانے والی 3گاڑیاں واپس دلانے کی درخواست کی تو دوسری طرف وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ایک مراسلہ لکھ کراسپیکر بلوچستان اسمبلی کی اسمبلی میں کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔

دوسری جانب اسپیکر بلوچستان اسمبلی قدوس بزنجو نے پارٹی میں اپنے ہم خیال اراکین سے رابطے تیز کر دیے ہیں۔