اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے ملک میں کورونا کی خطرناک صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں این سی او سی کے سربراہ اور وفاقی وزیر اسد عمر نے بتایا کہ پاکستان کی صرف 7فیصد آبادی 60 سال سے اوپر کی عمر میں ہے اور کورونا سے 53 فیصد اموات 60 سال سے زائد عمر والوں کی ہوئی جب کہ پاکستان کی 77 فیصد آبادی 40 سال کی عمر سے کم ہے اور کورونا سے صرف 9 فیصد اموات 40 سال سے کم عمر کے افراد میں ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ 40 سال سےکم عمر والوں میں کورونا سے اموات کی شرح ایک فیصد سےکم تھی جو اب 1.8 فیصد ہوگئی ہے جب کہ 41 سے 50 سال کی عمر والوں میں کورونا سے اموات کی شرح 3.8 فیصد ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ 51 سے 60 سال کی عمر والوں میں کورونا سے اموات کی شرح 7.2 فیصد اور 61 سے 70 سال کی عمر والوں میں کورونا سے اموات کی شرح 11.1 فیصد ہے جب کہ 71 سے 80 سال اور اس سے زائد عمر والوں میں کورونا سے اموات کی شرح 15 فیصد ہے۔
این سی او سی کے سربراہ نے مزید بتایا کہ آبادی کے سب سے کمزور حصے میں ویکسی نیشن پر توجہ کی ضرورت ہے، کورونا سے اموات میں عمر کے حساب سے اضافہ ہورہا ہے، ٹھوس اقدامات سے ویکسین کی دستیابی اورویکسی نیشن کی استعداد مستقل بڑھ رہی ہے۔