کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن سمندری طوفان کی شکل اختیار کر گیا ہے جس کے باعث پاکستان اور بھارت کی ساحلی پٹی پر تیز ہوائیں چلنا شروع ہو گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 70 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جو بڑھ کر 100کلومیٹر تک بھی جا رہی ہے۔
حکام محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ سمندری طوفان کراچی کے جنوب اور جنوب مشرق سے 1460کلو میٹر کے فاصلے پرہے اور سمندری طوفان کا رخ شمال اور شمال مغرب یعنی بھارتی گجرات کی جانب رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 مئی تک سمندری طوفان بھارتی گجرات تک پہنچ جائے گا۔
ٹاک ٹائی نامی سمندری طوفان کے نتیجے میں بھارتی ریاست گجرات کے ساحلی علاقوں اور پاکستانی سمندر کے قریب مشرق کی جانب ساحلی علاقوں کو خطرہ ہو سکتا ہے۔
اگر یہ سمندری طوفان شدت پکڑ گیا تو یہ پچھلی دو دہائیوں کے دوران پاک بھارت ساحلی پٹی سے ٹکرانے والا طاقت ور ترین طوفان ہو گا تاہم ابھی تک کے اندازوں کے مطابق سمندری طوفان آبادی والے ساحلی علاقوں سے دور رہے گا لیکن مہاراشٹرا کا ساحلی شہر ممبئی اس سے متاثر ہو سکتا ہے۔