پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت نے 17 مئی سے لاک ڈاؤن کے خاتمے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
خیبرپختونخوا حکومت نے 17 مئی سے صوبے میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے، اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق تمام کاروباری مراکز اور دکانیں 17 مئی سے کھل جائیں گی جو رات 8 بجے بند ہوا کریں گی۔
صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ویکسینیشن مراکز، دودھ، دہی کی دکانیں، کال سنٹرز، یوٹیلیٹی بلز جمع کرانے کے مراکز رات 8 بجے کی پابندی سے مستثنی ہوں گے، تاہم ہر قسم کی ثقافی، سماجی و مذہبی اور میوزیکل انڈور اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی رہے گی، جب کہ ریستورانوں میں کھانے پینے پر پابندی رہے گی اور صرف ٹیک اوے سہولت ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری ونجی دفاتر 17 مئی سے معمول کے مطابق کھلیں گے، اور فیس ماسک کا استعمال لازمی ہوگا، ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ 16 مئی سے 50 فیصد سواریوں کے ساتھ بین الاضلاعی روٹس اور اندرون شہر چل سکے گی۔ دیگر تمام شعبہ جات سے متعلق ہدایات 19 مئی کو این سی او سی اجلاس کے بعد جاری کی جائیں گی، اور احکامات کی خلاف ورزی پر متعلقہ قوانین کے تحت کاروائی کی جائے گی۔