امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی سینیٹ میں دونوں سیاسی جماعتوں نے متحدہ موقف اختیار کرتے ہوئے اسرائیل اور حماس کے بیچ فوری فائر بندی پر زور دیا ہے۔
یہ مطالبہ ڈیموکریٹک سینیٹر کرس مرفی اور ریپبلکن سینیٹر ٹوڈ ینگ کی جانب سے سامنے آیا۔ اس سلسلے میں جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ “اسرائیل کو حماس کے راکٹ حملوں کے مقابل اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ دفاع کے لیے جوابی کارروائی کا انحصار شہریوں کو درپیش خطرے کی نوعیت پر ہے”۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ “حماس کے راکٹ حملوں اور اسرائیل کی جوابی کارروائیوں کے نتیجے میں اب دونوں فریقوں کو اس بات کا اچھی طرح سے ادراک ہونا چاہیے کہ بہت سی جانیں ضائع ہو چکی ہیں لہذا تنازع کو مزید نہیں بڑھنا چاہیے۔ ہمیں ان رپورٹوں سے حوصلہ ملا جن کے مطابق فریقین فائر بندی کی تلاش میں ہیں”۔
بیان کے اختتام پر کہا گیا کہ “ہم امید کرتے ہیں کہ جلد ہی فائر بندی تک پہنچا جائے گا اور دونوں ریاستوں کے مستقبل کے تحفظ کے لیے اضافی اقدامات کیے جا سکیں گے”۔
کرس مرفی امریکی سینیٹ میں تعلقات خارجہ کی ذیلی کمیٹی کے سربراہ ہیں۔ اسی طرح ٹوڈ ینگ بھی اس کمیٹی کے رکن ہیں۔