ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکی صدر جوبائیڈن کو اسرائیل کی حمایت پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں طیب اردوان نے کہا کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیل کی حمایت کرکے اپنے ہاتھ خون آلود کرلیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جوبائیڈن خون آلود ہاتھوں سے تاریخ لکھ رہے ہیں۔
اردوان نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ جوبائیڈن آپ نے ہمیں یہ سب کہنے پر مجبور کیا ہم پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر کی جانب سے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو دفاع قرار دیا گیا ہے جبکہ اب امریکا نے اسرائیل کو اسلحہ دینے کی بھی منظوری دے دی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ کئی روز سے غزہ پر بمباری کی جارہی ہے جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ سیکڑوں زخمی ہیں۔
اس کے علاوہ سیکڑوں گھر و عمارتیں بھی تباہ کردی گئی ہیں اور اب تک 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوچکے۔