کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ پاکستان کےکسی حصے میں طوفان سےکوئی خطرہ نہیں۔
سردار سرفراز نے کہا کہ بھارتی گجرات میں طوفان اب ڈپریشن کی صورت میں موجود ہے، طوفان سے صرف ضلع تھرپارکرکےکچھ حصوں میں تیز آندھی اور بارش کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں سمندری ہوائیں آج بھی معطل رہیں گی اور شہر کا درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے البتہ سمندری ہوائیں کل دوپہر سے بحال ہو جائیں گی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان تاؤتے سے متعلق نواں الرٹ جاری کردیا ہے جس میں بتایا گیا ہےکہ طوفان گزشتہ 12گھنٹوں کے دوران 15کلومیٹر کی رفتار سے شمال کی جانب بڑھ رہا ہے، ٹھٹھہ کے جنوب سے 580 کلو میٹر دور اورکراچی کے جنوب اور جنوب مشرق سے 650 کلومیٹر دور ہے، طوفان کے مرکز میں ہوائیں 180 سے 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جب کہ ہواؤں کی رفتار کبھی کبھی 220کلومیٹر کو چھو رہی ہے، طوفان مزید شمال کی جانب بڑھ کر شمال مشرق کی جانب بڑھے گا۔