اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ رنگ روڈ راولپنڈی پر حکومت نے خود کرپشن پکڑ کر نیب کو انکوائری کا کہا۔
رنگ روڈ راولپنڈی اسکینڈل کے حوالےسے سینئر صحافیوں اور اینکرز سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ رنگ روڈ کیلئے زمین کے حصول میں ڈھائی ارب روپے کھائے گئے، پنجاب حکومت سے بھی کہا ہے کہ تحقیقات کریں، چوہدری تنویر اور توقیر شاہ کے نام آئے ہیں اور ایاز صادق کا نام بھی ہے ،باقی نام بھی آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ راولپنڈی کی کرپشن پکڑ کر 20 سے 23 ارب بچائے،کسی حکومت نے اپنے دور میں کبھی کرپشن نہیں پکڑی، پی ٹی آئی حکومت نے خود کرپشن پکڑ کر نیب کو انکوائری کا کہا، وزیراعظم کا واضح نکتہ نظر ہے کہ کرپشن پر سمجھوتا نہیں ہو گا۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق کا کہنا تھاکہ ایم 2 سے رنگ روڈ کا نیا راستہ بنانا مضحکہ خیز بات ہے، رنگ روڈ کے نئے لوپ کا منصوبہ فراڈ اور بدنیتی پر مبنی ہے، یہ کوئی چھوٹی موٹی گیم نہیں ، رنگ روڈ سے انٹر چینج دینےسے 10 روپے والی چیز 10 ہزار کی ہو جائے گی۔