اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) گوانتاناموبے جیل کے سب سے پرانے قیدی سیف اللہ پراچہ کی رہائی کی منظوری دے دی گئی۔
خبر ایجنسی کے مطابق قیدیوں سے متعلق امریکی نظرثانی بورڈ نے سیف اللہ پراچہ سمیت 3 قیدیوں کو کلیئر قرار دیا ہے اور پاکستانی شہری سیف اللہ پراچہ کو آئندہ چندماہ میں رہا کیا جائے گا۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہےکہ 73 سالہ سیف اللہ پراچہ 16سال سے زائد عرصے سے گوانتاناموبے جیل میں قید ہیں، ان کی رہائی کی تفصیلی وجوہات واضح نہیں کی گئیں تاہم رہائی کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ سیف اللہ پراچہ امریکا کیلئے مزیدخطرہ نہیں۔
خبر ایجنسی کےمطابق سیف اللہ پراچہ پر کسی جرم کا الزام عائد نہیں کیاگیا تھا، ان کو القاعدہ سے تعلق کے الزام میں 2003 میں تھائی لینڈ سے پکڑا گیا تھا، انہیں 2004 میں گوانتاناموبے کے حراستی مرکز منتقل کیاگیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق سیف اللہ پراچہ کو گزشتہ سال نومبر میں نظرثانی بورڈ میں آٹھویں مرتبہ پیش کیا گیا تھا۔